بنگلورو،15؍نومبر(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اس ملک کی جہد آزادی سے آر ایس ایس کے تعلق پر سوال اٹھایا ہے اور کہا ہے کہ اس ملک کی آزادی یا اس کی ترقی میں آ ر ایس ایس کی کوئی دین نہیں۔ ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے جنم دن کے موقع پر انہوں نے کہا کہ جب جواہر لال نہرو کی موت واقع ہوئی اس وقت امریکہ کے کثیر الاشاعت اخبارنیو یارک ٹائمز نے نہرو کو جدید ہندوستان کا معمار قرار دیا تھا۔کیا نہرو نے اپنی مو ت کی خبر اس اخبار میں کہہ کر چھپوائی تھی؟ نہیں، بلکہ ان کی خدمات کا بین الاقوامی میڈیا نے اعتراف کیاتھا۔
انہوں نے کہا کہ جہد آزادی کے ہیروز پر سوال اٹھانے والی آر ایس ایس کا اس جد وجہد میں کیا کردار رہا،وہ عوام کے سامنے لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہرو نے جہاں اس ملک کی اقلیتوں کو اعتماد میں لے کر ان کی ترقی کے لئے کام کیا، بی جے پی اس ملک میں اقلیتوں کی دشمن بنی بیٹھی ہے۔ جہد آزادی اور ملک کی آزادی کے بعد نہرو خاندان نے ملک کے لئے قربانی دی ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کا کونسا رہنما اس ملک کی آزادی کے لئے شہید ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جب اس طرح کے سوال اٹھتے ہیں تو سنگھ پریوار بھگت سنگھ،سوامی ویویکا نندااور سردار ولبھ بھائی پٹیل کی تصویر دکھانے لگتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ان تمام رہنماؤں کا پس منظر آر ایس ایس سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کی تاریخ کو اپنے فائدے کے لئے مسخ کرنے والوں سے عوام کو ہوشیار رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا آئین آج اس قدر مضبوط ہے تو اس کے لئے جواہر لال نہرو کی دور اندیشی ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی، سماجی اور ترقیاتی میدان میں جواہر لال نہرو کی دین کا تذکرہ کئے بغیر اس دنیا کی تاریخ ادھوری ہے۔ چونکہ نہرو نے سکیولر نظریات کو اپنایا تھا اور ان پر عمل بھی کیا، اس لئے بی جے پی ان کو اپنے لئے مشعل راہ نہیں مانتی۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے بانی گولوالکر پہلے کانگریس میں تھے، اس پارٹی سے الگ ہو کر انہوں نے آر ایس ایس قائم کیا۔
اس موقع پر انہوں نے موجودہ وزیر اعظم نریندرمودی پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کی بدقسمتی ہے کہ مودی جیسا جھوٹا شخص وزیر اعظم بن بیٹھا ہے۔ سابق مرکزی وزیر ملیکارجن کھرگے نے اس موقع پر کہا کہ آر ایس ایس کے بانیوں نے اس ملک میں انگریز حکومت کو مضبوط کرنے کے لئے کام کیا۔